بنگلورو،7؍ستمبر(ایس او نیوز) ریاست میں ڈاکٹروں کے 1500خالی عہدے بہت جلد پر کئے جائیں گے۔ یہ بات ریاستی وزیر محنت و خاندانی بہبود سری راملو نے کہی۔ ودھان سودھا کی تیسری منزل پر واقع اپنے دفتر میں پوجا پاٹ کے ساتھ داخل ہونے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے سرکاری اسپتالوں کے انتظام و انصرام میں سدھار لایا جائے گا۔ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی قلت نہ ہو، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈاکٹروں کے خالی عہدوں پر ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کا تقرر کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ ٹیکنیشینز کے تمام عہدے پر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ ریاست میں بیشتر سرکاری اسپتالوں کی حالت ٹھیک نہیں ہے، اس سلسلے میں کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔سرکاری اسپتالوں میں پائی جانے والی خامیوں کو درست کرتے ہوئے اسپتالوں کے انتظام و انصرام میں سدھار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2009میں جب وہ وزیر صحت تھے۔ انہوں نے ریاست میں 108ایمبولینس خدمات کی شروعات کی تھی، ریاست میں 108ایمبولینس کی خدمات آج بھی جاری ہیں۔ اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کا معیار بہتر بنانے کی طرف زیادہ توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں جانچ کے مراکز (لیاب) کی حالت درست نہیں ہے۔ ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس(ایمس) کے طرز پر لیاب کی سہولتیں مہیا کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایمس میں خون کے نمونوں کی جانچ کیلئے جدید ٹکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ خون کے نمونے کی 16ٹسٹ کے ذریعہ جانچ کی جاتی ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ جب وہ رکن پارلیمان تھے،انہیں ایک بات کاتجربہ ہوا۔ ایمس میں خون کے نمونے کی جانچ کے ذریعہ جسم کی تمام بیماریوں کا پتہ لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کی جانچ کیلئے ایمس میں جو مشین اور ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے اسے ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں مہیا کرانے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سرکاری اسپتالوں اور سرکاری ڈاکٹروں کے کئی مسائل ہیں انہیں جلداز جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے دور اقتدار میں سرکاری اسپتالوں میں دوائیوں کی خریدی کے معاملے میں کئی بدعنوانیاں سامنے آئی تھیں۔ ان تمام معاملوں کی جانچ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔